فیروزوالا: روٹھی بیوی کو منانے میں ناکامی پر گلے میں پھندا ڈال کر قتل کر دیا

17 اپریل 2018

فیروز والا (نامہ نگار) شوہر نے گھریلو جھگڑے پر بیوی کے گلے میں پھندا ڈال کر اسے پھانسی دے کر قتل کر دیا اور فرار ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ قلعہ ستار شاہ کی نواحی آبادی مدینہ کالونی کے رہائشی محمد بوٹا نے اپنے رشتہ دار کے بیٹے عمران کے ساتھ اپنی بیٹی کی شادی چند ماہ قبل کی تھی۔ جھگڑا ہونے پر کلثوم بی بی ناراض ہو کر میکے آ گئی جسے منانے کیلئے اس کا شوہر عمران سسرال آیا تو کلثوم بی بی نے ساتھ جانے سے انکار کر دیا‘ عمران نے مشتعل ہو کر بیوی کے گلے میں کپڑے کا پھندا ڈال کر قتل کر دیا اور مقتولہ کی نعش کمرے کی چھت کے ساتھ لٹکا دی اور خودکشی کا ڈرامہ رچا دیا۔ پولیس نے مقتولہ کا پوسٹ مارٹم کرایا رپورٹ میں خاتون کا تشدد کے ذریعے قتل ثابت ہو گیا۔