سکھ یاتری بیساکھی تقریبات میں شرکت کیلئے خصوصی ٹرینو ں پر ننکانہ پہنچ گئے
ننکانہ صاحب (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار خصوصی) بیساکھی تقریبات میں شرکت کیلئے سکھ یاتری خصوصی ٹرینوں کے ذریعے ننکانہ صاحب پہنچ گئے۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ ملک عبدالوحید نے ریلوے سٹیشن پر ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ یاتریوں کا استقبال کیا۔ بھارت سے آئے یاتریوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات اور کاوشوں کو سراہا، ننکانہ صاحب آمد پر اظہار تشکر بھی کیا۔ یاتری تین روز تک بابا گرو نانک جی کی جائے پیدائش پر قیام کریں گے۔ اسکے علاوہ گردوارہ سچاسودا فاروق آباد کی زیارت بھی کروائی جائیگی جس کیلئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کی جائیگی۔ بھارت سے آنے والے یاتریوں میں سے اکثر نے ضلعی انتظامیہ کے انتظامات کو سراہتے ہوئے نم آنکھوں کے ساتھ خوشی کا اظہار کرتے رہے۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا‘ اور کہا کہ پاکستان آ کر محسوس ہونے والی خوشی کو الفاظ میں بیان کرنے سے قاصر ہیں۔ اس موقع پر بھارتی سکھ یاتریوں کے پارٹی لیڈر سردار گورومیت سنگھ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام امن اور شانتی کے خواہشمند ہیں اور انکی اس خواہش کو پورا کرنے کیلئے پاک بھارت حکومتیں باہمی اختلافات مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر فی الفور حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ملنے والا پیار ناقابل فراموش ہے۔