انتظامیہ نے فیملی کے بغیر کسی بھی فرد کا چڑیا گھر لاہور میں داخلہ ممنوع قرار دیدیا

17 اپریل 2018

لاہور ( این این آئی) انتظامیہ نے فیملی کے بغیر کسی بھی فرد کا چڑیا گھر میں داخلہ ممنوع قرار دیدیا ، چڑیا گھر کے سامنے پارکنگ بھی ختم کر کے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیئے گئے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق لاہور چڑیا گھر میں تفریح کے لئے فیملی کے بغیر آنے والوں کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے، جس کے تحت اب اکیلے یا دوستوں کے ساتھ آنے والے مرد حضرات کو چڑیا گھرمیں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، صرف فیملیز کو چڑیا گھر میں داخلے کی اجازت دی جارہی ہے، اس کے علاوہ چڑیا گھر کے سامنے سے پارکنگ ختم کردی گئی ہے جب کہ سیکیورٹی انتظامات بھی پہلے سے مزید سخت کردیئے گئے ہیں۔چڑیا گھرانتظامیہ کے اقدام سے جہاں فیملی کے بغیر آنے والے پریشان اور مایوس ہیں وہیں ایسی فیملیزخوش ہیں جن کے ساتھ جوان لڑکیاں تفریح کے لئے آتی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اب وہ لوگ آزادی سے یہاں گھوم پھرسکتے ہیں، نہ تو کوئی انہیں گھور کر دیکھے گا اور نہ کسی کے نازیبا الفاظ سننا پڑیں گے۔