وفاقی حکومت پورے سال کا بجٹ پیش کریگی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ ہوگا: مشیر خزانہ

17 اپریل 2018

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی حکومت مالی سال 2018-19 ء کے پورے سال کا بجٹ پیش کرے گی اور اس میں پنشن اور تنخواہوں میں اضافہ کے بارے میں عوام کو اچھی خبر دیں گے۔ مشیر خزانہ نے یہ اعلان گزشتہ روز دو مختلف بجٹ و سرمایہ کاری سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ موجودہ حکومت ہی آئندہ پورے مالی سال کا بجٹ پیش کریگی کیونکہ عوام نے مسلم لیگ (ن) کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لئے آئندہ بجٹ میں خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمین کو بجٹ میں موجودہ 5 فیصد افراط زر کی شرح سے کہیں زیادہ ترغیبات دے گی۔ ملک کے دفاعی بجٹ میں بھی ضروریات کے مطابق اضافہ کیا جائے گا۔