نواز شریف کودی جانیوالی سزائیں صدر کو معاف کرنے کا قانونی حق حاصل ہے : افتخار چودھری
خانیوال‘ کبیروالا (خبرنگار‘ نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار) سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کا کہنا تھا نواز شریف کو سنائی جانے والی سزائیں صدر مملکت کو معاف کرنے کا قانونی حق حاصل ہے ۔ احتساب کا عمل بلا امتیاز ہونا چاہیے ایک فرد کا محاسبہ منصفوں کے انصاف پر انگلی اٹھا دیگا ۔ الیکشن بروقت ہونے چاہیے جمہوریت کا تسلسل بہترین ’’چھلنی ‘‘ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے میجر آفتاب احمد خان ڈاہا کی وفات پر ان کے صاحبزادے وقار احمد خان ڈاہا سے تعزیت کر نے کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا انہوں نے مزید کہا سیاست عبادت ہے اچھے لوگوں کو آگے آنا چاہیے ملک وقوم کی بد قسمتی ہے ایک ایسا ٹولا پاکستان پر مسلط ہے جو مافیا کی شکل اختیار کر چکا ہے نگران سیٹ اپ میں عدلیہ سے مشاورت کا کوئی ائینی جواز نہیں ماضی میں ایسا ہوتا رہا ہے 2013 کے الیکشن کی شفافیت کے حوالہ سے انہوں نے کہا عمران خان عدلیہ کو برا بھلا کہتے رہے تاہم ریٹرنگ افسران کے خلاف ایک الزام بھی ثابت نہ کر سکے انہوں نے کہا پرویز مشرف غدار ہے اور ائین کا باغی وہ کبھی پاکستان کی سر زمین پر قدم نہیں رکھے گا۔ اس موقع پر انہوں نے میجر آفتاب احمد خان ڈاہا کی سیاسی خدمات کو سراہا ۔ اور ان کے صاحبزادے کو الیکشن لڑنے کیلئے امداد کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اس موقع پر اجمل خان بھٹہ ، حبیب اللہ سنگھیڑا، شیح حسام الدین ، بدر اسلام ، ملک صالح محمد ، حاجی اللہ خان ، چوہدری امتیاز کرم خان سمیت معززین کی تعداد موجود تھی ۔ افتخار چودھری نے مزید کہا کہ عوام آئندہ الیکشن میں ہوش کے ناخن لیں ،سبز باغ دکھانے والے سیاستدانوں کو ووٹ نہ دیں ، پنجاب میں ترقی کے حکومتی دعوئوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے ،جنوبی پنجاب کو ’’صوبہ ‘‘ بنانے کا نعرہ آئندہ الیکشن جیتنے کا سیاسی ڈھونگ ہے ،ریاست بہاول پور کی صورت میں جنوبی پنجاب کو نیاصوبہ بنانے کا تمام سسٹم موجود ہے ،عدلیہ بحالی تحریک کے نتیجے میں عوام،وکلاء اور میڈیا نے ایک بھرپور جدوجہد کرکے پاکستان میں ہر قسم کے مارشل لاء لگنے کی گنجائش ختم ہوچکی ہے،الیکشن بروقت ہوں گے ،آئینی طور پر کسی قسم کی تاخیرنہیں ہوسکتی،ان خیالات کا اظہار انہوںنے مرکزی سیکرٹری جنرل بدراسلام وڑائچ،صوبائی صدر خیبر پختونخواہ حاجی لعل خان کے ہمراہ 6کسی ملتان روڈ کبیروالامیں صنعتکارچوہدری امتیاز احمدکی جانب سے دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس اعجاز الاحسن کی رہائش پر ہونے والے فائرنگ کے واقعہ کے حوالے سے جے آئی ٹی بن چکی ہے ،جس کی رپورٹ سے واضح ہوجائے گا،اس کے پیچھے کون ہے ۔اس موقع پر پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی پنجاب کے نائب صدر ملک صالح محمد،ضلعی صدر پشاور،صوبائی صدر لیبر ونگ خیبر پختون خواہ زاہد حسین خلیل،ظاہر شاہ مہمند،ہمایوں خان،ڈاکٹر الطاف حسین ،چوہدری طارق بشیر،ملک حق نواز پنیاں ،رانا محمد رفیق ،رانا حامد حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔