با اثر افراد کا نوجوان پر تشدد‘ ورثاء کا سی پی او آفس کے باہر مظاہرہ
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی ) با اثر افراد نے لین دین کے تنازعہ پر نوجوان کو مبینہ طور پر اغواء کے بعد تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، متاثرہ نوجوان اور اسکے ورثاء نے سی پی او آفس کے باہر احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی ، تفصیلات کے مطابق اسلام پورہ کے رہائشی عنصر جاوید اور اسکے ورثاء نے سی پی او آفس کے باہر با اثر افراد کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات عنصر کو لین دین کے تنازعہ پر با اثر افراد مبینہ طور پر اغواء کر کے ساتھ لے گئے جنہوں نے اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا ، بعدازاں ملزمان عنصر کو گھر کے باہر پھینک کر فرار ہو گئے تھے،مظاہرین نے ملزمان کی عدم گرفتاری پر تھانہ کھیالی پو لیس کیخلاف بھی نعرے باز ی کی ،مظاہرین نے مزید الزام لگایا تھا کہ ملزمان نے انکی خواتین کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا ہے ، بعدازاں پو لیس کی جانب سے انصاف ملنے کی یقین دھانی پر مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے ۔