اینٹی کرپشن کا ایکسیئن کوترقی کیلئے ا ین او سی دینے سے انکار
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)محکمہ اینٹی کرپشن نے کروڑوں روپے کی خوردبرد اورکرپشن کی 8 انکوائریوں میں ملوث محکمہ لوکل گورنمنٹ گوجرانوالہ کے ڈویژنل ایکسین کو محکمانہ ترقی کیلئے این او سی جاری کرنے سے انکار کردیا ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ لوکل گورنمنٹ میں سڑکوں، گلیوں، سکولوں، قبرستانوں کی تعمیر کے متعدد منصوبوں میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی جس پر شہریوں نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ایکسین محمد مسلم اور ٹھیکے داروں کے خلاف درخواستیں دائر کیں اور الزام لگایا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ایکسین، ایس ڈی اوز، سب انجینئرز نے ٹھیکے داروں کی ملی بھگت سے سرکاری فنڈز میں خوردبرد کیا ۔ایکسین نے مبینہ طور پر اس سلسلے میں اینٹی کرپشن کے اعلی حکام پر دبائو ڈالنے کیلئے سول سیکرٹریٹ لاہور سے فون کالیں بھی کروائیں اور چمک کا لالچ بھی دیا لیکن اینٹی کرپشن ریجنل ڈائریکٹوریٹ نے این او سی جاری کرنے سے انکار کردیا۔ انچارج ٹیکنیکل برانچ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ ایکسین محمد مسلم کے خلاف 8انکوائریوں کا ریکارڈ اینٹی کرپشن کے آن لائن سسٹم میں موجود ہے جسے کوئی بھی شہری ویب سائٹ پر چیک کرسکتا ہے۔ایکسین لوکل گورنمنٹ محمد مسلم کے خلاف ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز میں سرکاری قواعد کی خلاف ورزی کرنے اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔