انتظامی بنیاد پر صوبے بنانے سے تنائو پیدا ہوگا‘ رضا ربانی

17 اپریل 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے صوبے انتظامی سہولت کی بنیاد پہ نہیں بنائے جاسکتے، صوبوں کا قیام ایک تاریخی عمل ہے اور اس بنیاد پر صوبوں میں تناؤ پیدا ہوگا۔ لسانی، علاقائی اور قدرتی وسائل پر سوالات اٹھیں گے۔ صوبے اس کے باشندے اس کی جغرافیہ کی باقائدہ ایک تاریخ ہوتی ہے، صوبے کے لوگ ہی صوبے کے مالک ہوتے ہیں، انکی اپنی زبان ہوتی ہے انکا کلچر اور رسم و رواج ہوتا ہے اور لوگوں کا اپنے صوبے کے وسائل پر حق ہوتا ہے جو وہ آئینی معائدے کے ذریعے سے وفاق کو بھی دیتے ہیں۔ انتظامی بنیاد پر صوبے بنانے سے تاریخ کی نفی ہوگی اندرونی تنازعات کو مذید بڑھنے کا موقع ملے گا اس سے یقیناً وفاق بھی متاثر ہوگا یہاں ضرورت ہے کہ ایک سیاسی فکر کو قومی ڈائیلاگ کے ذریعے اجاگر کیا جائے اور اس کے نتیجے میں وفاق اور صوبوں کے مسائل پرآئینی ترامیم کی جائیں۔
رضا ربانی