آئندہ الیکشن قوم کے لئے تبدیلی کا پیغام ثابت ہوں گے ،سراج الحق
کراچی (خصوصی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان و سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن قوم کے لئے تبدیلی کا پیغام ثابت ہوں گے۔ عوام مسائل کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ اتحاد امت سے ہی باطل قوتوں کو شکست دی جاسکتی ہے ، قندوز کے حملے کے جواب میں زیادہ سے زیادہ قرآن کی محفلیں سجائی جائیں اور اپنے بچوں کو حفاظ بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب جماعت اسلامی ملیر زون کے تحت آرسی ڈی گرائونڈ میں سات روزہ محفل قرآن و سنت کے آخری روزہ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، شیخ القرآن مولانا عطاء الرحمن ، نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی، ضلع شرقی کے امیر یونس بارائی ، ملیر زون کے امیرصہیب بلال ، جامعہ حنیفیہ کے مہتمم مولانا یامین منصوری اور دیگر نے بھی خطا ب کیا ۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، ایم کیو ایم کے ایم این اے ساجد احمد ، ضلع شرقی کے سیکرٹری نعیم اختر ،نائب امراء ڈاکٹر فواد ،محمد اشرف ، عرفان شیخ اور دیگر بھی موجود تھے ۔ بچوں نے سراج الحق کو گلدستے پیش کئے اور بہت سی بچیوں نے اپنے گلک قرآن وسنت فنڈ میں ان کو دیے ۔تقریب میں 6خوش نصیب مرد و خواتین کو بذریعہ قرعہ اندازی عمرے کے ٹکٹ دیے گئے،قبل ازیں سراج الحق کا نیشنل ہائی وے کالا بورڈ پر شاندار استقبال کیا گیااور انہیں جلوس کی شکل میں اجتماع گاہ لایا گیا۔ سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ شام کے اند رامریکا اور روس پنجہ آزمائی کر رہے ہیں اور مسلمان تباہی سے دو چار ہیں ۔ ہر طرف مسلمانوں کا قتل عام ہورہا ہے ۔ امت کی تقسیم در تقسیم کا ایجنڈا دین اسلام کو کمزور کرنے کا عالمی ایجنڈا ہے ،دشمن کے مذموم ایجنڈے کو ناکام بنانے کے لیئے مسلمانوں کو آپس میں نہیں مشترکہ دشمن سے لڑناہوگا ۔امریکہ نے اسلامی ممالک میں اپنی شاطرانہ چالوں سے حزب اقتدار اور حزب اختلاف دونوں میں اپنے نمائندے مسلط کئے ہوئے ہیں ۔قوم کو اب فرقوںمسلکوں اور زبان کی بنیاد پر اپنے اپنے اختلافات کو ختم کرنا ہوگا اور اپنے ووٹوں سے اسکا عملی اظہار کرنا ہوگا ۔سراج الحق نے کہا آنے والے الیکشن قوم کے لئے تبدیلی کا پیغام ثابت ہوں گے ۔عوام مسائل کے حل کے لئے کرپشن سے پاک جماعت اسلامی کے دیانت دار نمائندوں کو اپنا ووٹ دیںاسی طرح پاکستان فلاحی اور اسلامی و خوشحال ریاست بن سکتا ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ قرآن کتاب انقلاب ہے اور. پاکستان میں قرآن و سنت کا نفاذ ہی تمام مسائل کاحل ہے۔مولانا عطاء الرحمناوریونس بارائی نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں کرپشن فری پاکستان کا دیرینہ خواب ان شااللہ تعالی پورا ہوکر رہے گا۔عوام دین کو بچانے کے لئے دینی جماعتوں کے اتحاد کو ووٹ دیں۔
سراج الحق