اسلام آباد، فیصل آباد: بارش، چھتیں گرنے سے ماں بیٹی جاں بحق، 5 زخمی

17 اپریل 2018

اسلام آباد+ مظفر آباد+ فیصل آباد+ سرگودھا (آن لائن+ صباح نیوز+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) اسلام آباد تھانہ سہالہ کے علاقے میں موسلادھار بارش سے مکان کی چھت گرنے سے ماں بیٹی جاں بحق، دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں 20 سالہ خاتون اور اس کی تین سالہ بیٹی فاطمہ شامل ہیں، مکان کی دیوار گرنے سے دو افراد شدید زخمی ہوئے۔ جن کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں شیر وہاب اور ایک خاتون کو ہسپتال لایا گیا جبکہ دیگر دو افراد کو مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا اور نعشیں ورثا کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، جہلم، ملتان، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور جہلم میں بارش نے ہر شے کو دھو کر نکھار دیا۔ لاہور اور اس کے ملحقہ علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا۔ خیبر پی کے کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، مانسہرہ، بٹگرام، تور غر اور کوہستان میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔ وادی نیلم کے ہیڈکوارٹر اٹھ مقام سمیت شاردہ، کیل اور بالائی وادی نیلم و گریز میں بھی بارش ہوئی جبکہ پہاڑوں پر برف باری بھی ہوئی۔ مظفرآباد، زیریں وادی نیلم، ہٹیاں، وادی لیپہ، ضلع باغ اور پونچھ کے ملحقہ علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ آزاد کشمیر میں بارش کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، ندی نالوں میں طغیانی، دریائے نیلم اور جہلم کے پانی میں اضافہ، دارالحکومت کی مین شاہراہ بھی تالاب کا منظر پیش کرنے لگی۔ راڑہ امبور کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے کوہالہ کی مین شاہراہ بند ہوئی جس کے باعث ٹریفک جام ہوگئی، متعلقہ محکمہ کے ذمہ داران نے سڑک بحال کی، بارش کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث دارالحکومت کی مین شاہراہ بھی تالاب کا منظر پیش کرنے لگی۔ سیاحتی مقامات پیر چناسی، پیر ہسمیار، کٹن، نیلم، شاردہ، لمنیاں، ریشیاں، دائو کھن اور وادی لیپا، بنجوسہ، چکار، نون بگلہ میں سردی بڑھ گئی ہے۔ زیریں علاقوں میں موسم خوشگوار اور سرد ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق دو روز تک وقفے وقفے سے بارش رہنے کا امکان ہے۔ دریں اثناء ضلع نیلم میں بارشوں کے نئے سلسلے سے بالائی علاقوں میں برف باری شروع جبکہ لنک روڈ مکمل بند ہوگئی، بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوتے ہی ضلع نیلم ویلی میں لنک روڈ بند، سب ویلیز روڈ پہلے ہی بند ہونے سے علاقے میں اشیاء خوردونوش کی قلت پائی جانے کے علاوہ ہسپتالوں میں ادویات کی کمی اور چھوٹے بچوں میں نمونیہ کی بیماری عام ہوتی جارہی ہے، اعلی حکام فوری نوٹس لیں۔ شانگلہ میں بھی لینڈ سلائیڈنگ، شانگلہ میں تیز پہاڑی سلسلوں پر ژالہ باری اور ہلکی برفباری ہوئی ہے۔ الپوری کے لوئی خوڑ، کانا کے خان خوڑ سمیت مختلف خوڑوں اور برساتی نالوں میں طغیانی، پانی کے بہائو میں اضافہ، ادھر چکیسر، کروڑہ روڈ پر سلائیڈنگ ہوئی۔ مقامی پن بجلی گھروں کا نظام بھی متاثر ہوا۔ شانگلہ میں موسم سرما میں جاتی سردی ایک بار پھر لوٹ آئی۔ وادی شانگلہ میں ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان، کئی باغات متاثر ہو گئے۔ کمال پور انٹرچینج سرگودھا روڈ کے قریب وسیم ٹائون میں مکان کی چھت گرنے کے نتیجے میں 80 سالہ جبار خان، سات سالہ بابو بی بی اور تین ماہ کا نومولود مومن خان شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سرگودھا اور گرد و نواح میں گزشتہ روز ہونے والی تیز بارش سے موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا۔ گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
بارش

نفس کا امتحان

جنسی طور پر ہراساں کرنے کے خلاف خواتین کی مہم ’می ٹو‘ کا آغاز اکتوبر دو ...