جامعہ کراچی اکیڈمک کونسل میں یونیورسٹی ایکٹ 1972 کی بحالی کی قرارداد منظور

17 اپریل 2018

کراچی (نیوز رپورٹر) جامعہ کراچی اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں یونیورسٹی ایکٹ 1972 کی بحالی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی. جامعہ کراچی اکیڈمک کونسل کا اجلاس آج آرٹس آڈیٹوریم میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان کی زیر صدارت منعقد ھوا. اجلاس میں ڈاکٹر ریاض احمد نے جامعہ کراچی ایکٹ 1972 کو اصل حالت میں بحال کرنے کی قرارداد پیش کی جس کی حمایت پروفیسر ڈاکٹر جمیل کاظمی، صدر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی، پروفیسر ڈاکٹر منصور رزاقی اور پروفیسر ڈاکٹر ایس ایم طہ نے کی. قرارداد میں سندھ اسمبلی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ جامعہ کراچی ایکٹ 1972 کو اصل حالت میں بحال کیا جائے تاکہ جامعہ کراچی کی خود مختاری کو یقینی بنایا جائے۔