بیوائوں او ریتیموں کی سرپرستی احسن اقدام ہے، ذوالفقار قائم خانی

17 اپریل 2018

کراچی( پ ر)خدمت خلق اور رفاہ عامہ وقت کی ضرورت بھی ہے او ربڑی عبادت بھی لیکن یہ نفی ذات کے بغیر ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی کراچی کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری جنرل ذوالفقار علی قائم خانی نے انجمن حیات الاسلام کے زیر اہتمام دارالیتامیٰ گرومندر میں ماہانہ تقریب تقسیم زکوۃ چیکس کے شرکاء سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں 100 سے زائد بیوہ، نادار، مستحق خواتین میں 3`3 ہزار روپے کے چیکس تقسیم کئے گئے ۔تقریب سے ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سربراہ جاوید رئیس، ایڈمنسٹریٹرAHI او ر تقریب کے آرگنائزر انور حسین صدیقی، بزرگ رکن نورالحسن حامی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جاوید رئیس نے مہمان خصوصی کی انسان دوستی ، سیاسی و رفاہی خدمات کا ذکر کیا۔ انہوں نے AHI منتظمین سے امدادی رقوم، تقسیم راشن و دیگرحوالوں سے خصوصی افرد کے لئے بھی کچھ حصہ مختص کرنے کی درخواست کی۔ آرگنائزر انور حسین صدیقی نے مہمانان گرامی کو بتایا کہ انجمن حیات الاسلام AHIالحاج مولانا حامد علی قریشی مرحوم نے 1932 میں قائم کی تھی اس دارالیتامیٰ کے علاوہ دیگر پروجیکٹس طویل عرصے سے خدمات انجام دے رہے ہیں جن میںمدرسہ حفظ و ناظرہ ،حیات الاسلام پبلک اسکول ، حیات الاسلام ٹیکنیکل ہائی اسکول، بہبود اطفال مفت ڈسپنسری، امداد معذورین، حیات الاسلام گرلز ڈگری کالج وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے اطمینان دلایا کہ یہ عطیات احکام شریعہ کے مطابق انہی مدات میں استعمال کئے جائیں گے جس کے لئے وہ مختص ہوں گے۔