جج کی رہائش گاہ پر فائرنگ نواز لیگ کے خلاف سازش ہے‘ علی اکبر گجر

17 اپریل 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے لاہور میں عدالت عظمی کے معزز جج کی رہائش گاہ پر فائرنگ کے واقعے کو ملک کے سیاسی حالات میں تلخیاں بڑھانے اور عام انتخابات کے انعقاد کو مشکوک بنانے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ریاست کی خالق جماعت ہونے کے ناطے ملک کے اداروں کے وقار اور تحفظ کی بھی ضامن ہے اس لئے ایسے گھنائونے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے جن کا مقصد عدلیہ اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مابین فاصلے پیدا کرنا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حالیہ اور ماضی کی حکومتوں نے پاکستان کی معاشی ترقی کے ساتھ ملک کے اداروں کی تقویت اور خودمختاری کے لئے بھی اہم اقدامات کئے قائد میاں محمد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت کسی ادارے کے ساتھ محاذ آرائی کا تصور بھی نہیں کر سکتی۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ عدالت عظمی کے جج کی رہائش گاہ پر فائرنگ کا واقعہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے خلاف سوچی سمجھی سازش ہے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کواس واقعے کے ساتھ نتھی کرنے والے اپنے سیاسی مفادات کی تکمیل کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) ملکی اداروں کے تحفظ اور وقار کی سب سے بڑی علمبردار ہے۔۔