اندرون سندھ شناختی کارڈ کی فراہمی آسان بنائی جائے: ڈی جی نادرا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل نادرا سندھ امیر عجم خان درانی نے اندرون سندھ کے عوام کو شناختی کارڈ کی فراہمی کو آسان اور یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ملازمین سینٹر آنے والے ہرفرد سے خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آئیں۔ڈی جی نادرا سندھ ا میرعجم خان درانی نے اندرون سندھ میں موجود دفاترکا دورہ کیا اور شہریوں کی شکایات سننے کے بعد بلاک شناختی کارڈز سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں۔امیر عجم خان نے کہاکہ بلاک شناختی کاتمام ڈیٹا ریجنل ہیڈکوارٹر دفتر کراچی منتقل کردیاہے اور اب اس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ اندرون سندھ میں نادرا کی جانب سے ون ونڈو آپریشن کا جلد آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں نادراکے تمام دفاترجدیدطرزپربنائے جارہے ہیں اور نیٹ ورکنگ و دیگرتکنیکی مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے جبکہ اندرونِ سندھ میں تعینات ملازمین کو بھی ادارے کی جانب سے تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔امیر عجم خان نے عملے کو ہدایت کی کہ تمام ملازمین شناختی کارڈ بنانے کے لیے آنے والے ہر فرد سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں، اگر کسی ملازم کی کوتاہی اور غفلت کے حوالے سے کوئی شکایت موصول ہوئی تو محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ نادرامیں کرپشن ناقابل معافی جرم ہے اگر کوئی ملازم یا عملے کا کوئی بھی فرد اس گھنائونے کام میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ڈی جی نادراسندھ نے کہا کہ اندرون سندھ میں بنائے جانے والے دفاتر میں تعینات ملازمین کی دفتری حاضری اور اوقات کی بھرپور نگرانی کی جائے گی اور ان سینٹرز پر جمع ہونے والے فارمز کا ڈیٹا ایک ہی روز میں کراچی آفس منتقل کیا جائے گا تاکہ کارروائی تیزی کے ساتھ ہوسکے۔