برأت سے قبل قبرستانوں میں زائرین کی سہولت کے لئے ضلعی انتظامیہ خصوصی انتظامات کرے گی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پربلدیہ عظمیٰ کراچی شب برأت سے قبل قبرستانوں میں زائرین کی سہولت کے لئے ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے صفائی ستھرائی، بجلی اور پانی کی فراہمی کے لئے خصوصی انتظامات کرے گی جبکہ قبرستانوں کے اطراف تجاوزات کے خاتمے اور جراثیم کش اسپرے کا بھی انتظام کیا جائے گا، قبرستانوں کے اطراف ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی رہنمائی کے لئے سٹی وارڈنز تعینات کئے جائیں گے، گرم موسم کی وجہ سے زائرین کو فوری طبی امداد مہیا کرنے کے لئے مکمل سہولیات سے آراستہ ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی تیار حالت میں بڑے قبرستانوں کے باہر موجود رہیں گی، کے ایم سی کے 24 قبرستانوں میں 40 جنریٹرزاور 1160 اسٹارچ لائٹس کی تنصیب کے علاوہ قبرستانوں کے باہر پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے کیمپس لگائے جائیں گے، مجموعی طور پر 192 کے ایم سی ورکرقبرستانوں میں خدمات انجام دیں گے، قبرستانوں میں موجود جھاڑیوں کی صفائی کے لئے 50 افراد پر مشتمل عملہ تعینات کیا جا رہا ہے تاکہ مرکزی دروازے سے لے کر دیگر داخلی راستوں کو صاف اور کشادہ کیا جاسکے، یہ بات شب برأت کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی کی صدارت میں ہونے والے ایک اجلاس میں بتائی گئی جس میںچیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا، وائس چیئرمین بلدیہ شرقی عبدالرئوف، میونسپل کمشنر کے ایم سی ڈاکٹر اصغر عباس، چیئرمین ای اینڈ ایم کمیٹی خالد اجمیری، چیئرمین فائربریگیڈ کمیٹی امان خان آفریدی، چیئرپرسن میڈیا مینجمنٹ کمیٹی صبحین غوری، چیئرپرسن میڈیکل کمیٹی ناہید فاطمہ، میونسپل کمشنر غربی اشفاق ملاح، میونسپل کمشنر جنوبی برکت اللہ، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز شہاب انور، ڈائریکٹر قبرستان اقبال پرویز، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔