لیاقت آباد میں ایک کروڑ90 لاکھ روپے سے سڑکوںکی استر کاری

17 اپریل 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر کی خصوصی ہدایت پر ڈسٹرکٹ اے ڈی پی کے فنڈز سے لیاقت آبادیوسی40 ، یوسی49 اور شیش محل کے علاقے کی مختلف گلیوں میں ایک لاکھ 25ہزار فٹ پر مشتمل مشینری استرکاری کی جارہی ہے جس پر لاگت کا تخمینہ ایک کروڑ 90 لاکھ روپے ہے، لیاقت آباد میں ہونے والے ان ترقیاتی کاموں کی تکمیل سے علاقے کے ہزاروں افراد کو سہولت حاصل ہوگی، یہ بات ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی نے لیاقت آبادیوسی40، یوسی49 اور شیش محل کے علاقے کی مختلف گلیوں میںسڑکوں کی تعمیر اور استرکاری کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر وائس چیئرمین بلدیہ وسطی سید شاکر علی، علاقہ کونسلرسمیت دیگر منتخب بلدیاتی نمائندے اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی،ریحان ہاشمی نے کہا کہ عرصہ دراز سے نظر انداز کئے جانے والے اس علاقے پر خصوصی توجہ دینے اور ترقیاتی کام کرانے پر ہم میئر کراچی وسیم اختر کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت آباد انتہائی اہم اور گنجان آباد علاقہ ہے، یہاں کے مکین کچرے، پینے کے پانی ،سیوریج کے بوسیدہ نظام کے باعث مشکلات کا شکار ہیںتاہم موجودہ بلدیاتی نمائندوں نے اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے اس علاقے میں ترقیاتی کاموں کا بیڑا اٹھایا ہے جسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔