پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام کو شدید خدشات لاحق ہیں عالمی بینک
اسلام آباد (این این آئی)عالمی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان میں قلیل مدتی اقتصادی نقطہ نظر کیلئے میکرو اکنامک استحکام کو شدید خدشات لاحق ہیں اور بیرونی اور اندرونی عدم توازن کو دور کرنے کیلئے قلیل مدتی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی بینک نے اپنی جنوبی ایشیائی اقتصادی رپورٹ میں بتایا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے لیکن میکرو اکنامک عدم توازن بڑھ رہا ہے۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ذخائر کی موجودہ سطح پر ادائیگیوں کا توازن مسلسل کمزور ہورہا ہے۔عالمی بینک کی رپورٹ میں اس بات کا مشاہدہ کیا گیا کہ آئندہ عام انتخابات سے انتخابات کے بعد تک فیصلہ کن پالیسی کے حل میں تاخیر متوقع ہے، اس کے علاوہ حکومت کو درمیانی مدت میں اپنے ٹیکس کے نظام کو بہتر کرنے اور مسابقتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ 2018 میں شرح نمو 5.8 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے تاہم عام انتخابات کے بعد متوقع پالیسی کے تحت میکرو اکنامک عدم توازن کو ٹھیک کرنے کیلئے 2019 میں ترقی کی رفتار سست ہوسکتی ہے لیکن 2020 میں ترقی دوبارہ بہتر ہو کر 5.4 فیصد تک پہنچنے کا امکان موجود ہے۔اقتصادی صورتحال پر توجہ دیتے ہوئے رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے ترقیاتی منصوبوں، بجلی کی رسد میں اضافہ اور نجی شعبے کی کھپت میں مسلسل تیزی کے باعث شرح نمو 2018 میں 5.8 فیصد تک پہنچنا متوقع ہے۔اقتصادی صورتحال کے اندازے میں اس بات کی نشاندہی بھی کی گئی کہ تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا جائیگا ۔