مائیکرو فنانس بینکوں میں کھاتے داروں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ

17 اپریل 2018

کرا چی ( کامرس رپورٹر)ملک میں چھوٹے قرضوں کے بڑھتے ہوئے رحجان اور مائیکرو فنانس بینکوں کی جانب سے چھوٹے قرضوں کے فراخدلانہ اجرا کے باعث ان قرضوں کی مجموعی مالیت200ارب روپے سے تجاوز کرگئی ہے جس میں قرضے کی اوسط مالیت فی فرد48,695روپے ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ بچت کی اوسط مالیت6033روپے رہی ہے جونہایت حوصلہ افزا ہے۔ پاکستان مائیکرو فنانس نیٹ ورک(پی ایم این) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مائیکرو فنانس بینکوں میں کھاتے داروں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے اور ان کی مجموعی تعداد18کروڑ 60لاکھ روپے ڈپازٹس کے ساتھ3کروڑ رسے تجاوز کرچکی ہے۔ پی ایم این کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک کے 106 اضلاع پر محیط مائیکروفنانس بینکوں کے وسیع نیٹ ورک میں چھوٹے قرضوں سے مستفید ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 58لاکھ ہے جنہوں نے ایک ارب80کروڑ روپے مالیت کے قرضے حاصل کئے ہیں۔ اس تناظر میں پی ایم این نے سال 2020 تک قرضہ حاصل کرنے والے افراد کا ہدف ایک کروڑ مقرر کردیاہے۔