پانی کی بڑھتی ہوئی قلت پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہونگے،وسیم وہرہ
کراچی(کامرس رپورٹر)فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے اکیڈمیا،انڈسٹری کولیبریشن آن واٹرریسورسزکا پہلا اجلاس چیئرمین محمدوسیم وہرہ کی صدارت میں فیڈریشن ہائوس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایف پی سی سی آئی کے سینئرنائب صدر مظہراے ناصر،سابق نائب صدر حنیف گوہر،صدیق شیخ،ایڈیشنل چیف انجینئر اور پروجیکٹر ڈائریکٹر(حب ڈیم پروجیکٹ)واپڈا محمداحتشام الحق،مسلم محمدی،کمیٹی کے سینئروائس چیئرمین پروفیسر مہران یونیورسٹی رسول بخش مہر،وائس چیئرپرسن مس عینی زہرہ اور دیگر بھی شریک تھے۔ قائمہ کمیٹی چیئرمین محمدوسیم وہرہ نے کہا کہ پاکستان میں پانی کی قلت بدستور بڑھتی جارہی ہے جس پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہونگے،اس وقت ایک ہزار گیلن کیپٹا(فی کس) پانی موجود ہے جبکہ پاکستان کے قیام کے وقت ملک میں5ہزار گیلن فی کس پانی موجود تھا لیکن خطرہ ہے کہ 2025تک یہ پانی مزید گھٹ کر500 گیلن فی کس رہ جائے گا۔