افواج پاکستان کو سلام،ملکی سرزمین سے تمام دہشت گردوں کا خاتمہ کیا،ہمایوں سعید
کراچی( کامرس رپورٹر)وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت کے سابق نائب صدر،چیئرمین ،تاجررہنما شیخ ہمایوں سعید نے ملک بھر سے دہشت گردی کے خاتمے اور امن وامان کی بحالی کیلئے پاکستان کی افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی یہ بات بالکل درست ہے کہ ردالفساد صرف آپریشن نہیں بلکہ ایک نظریئے کا نام ہے اورپاکستان نے اپنی سرزمین سے تمام دہشت گردوں کی منظم موجودگی کا خاتمہ کیاہے۔ہمایوں سعید نے کہا کہ بیرونی دنیا پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے اور پاکستان مخالفت میں تمام منافقین ایک ہوگئے ہیں لیکن ہمیں ایک قوم ہوکر انکا مقابلہ کرنا ہوگا، پاکستان کا دشمن جانتا ہے کہ وہ ہمیں جنگی محاذ پر شکست نہیں دے سکتاکیونکہ ہماری فوج ہر قسم کے خطرات کا سامنا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اورآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں دشمن کو ہردم سبق سکھانے کیلئے تیار ہے اور انہی کی سربراہی میں کہ پاکستان کی سرزمین سے منظم دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیاگیا ہے ۔