ایس ای سی پی میں کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 36فیصد اضافہ

17 اپریل 2018

کراچی (کامرس رپورٹر)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں مارچ میں کل ایک ہزار 125 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 36فیصد زیادہ ہیں۔اب رجسٹرڈکمپنیوں کی تعداد 84 ہزار 783 ہو گئی ہے۔ ایس ای سی پی کی جانب سے کمپنیوں کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے لئے کی گئی اصلاحات اور رجسٹریشن کی فیسوں میں نمایاں کمی نے رجسٹریشن کے رجحان میں اضافہ کیا ہے۔ رجسٹریشن حاصل کرنے والی 82فیصد کمپنیاں پرائیویٹ لمیٹڈہیںجبکہ 19 فیصد کمپنیاں سنگل ممبر کمپنیاں اور2 فیصد کمپنیوں نے بطور پبلک لسٹڈ ، غیر منافع بخش اور ٹریڈ آرگنائزیشن اور غیر ملکی کمپنیاں شامل ہیں۔ سب سے زیادہ کمپنیاں خدمات اور ٹریڈنگ کے شعبے میں رجسٹر ہوئیں۔ دونوں شعبوں میں سے ہر ایک میں 172 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں جبکہ انفرمیشن ٹیکنالوجی اور تعمیرات میں ایک شعبے میں128کمپنیوں رجسٹر ہوئیں۔