مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس چیمپئن شپ ....نڈال اور ڈیوڈ فیرر فائنل میں پہنچ گئے‘ اعصام الحق اور بھوپانا کو شکست
مناکو (مانیٹرنگ ڈیسک /سپورٹس ڈیسک) عالمی نمبر ایک رافیل نڈال نے سخت ترین مقابلے کے بعد دوسرے سیمی فائنل میں برطانیہ کے اینڈی مرے کو شکست دے کر مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ ہسپانوی سٹار لگاتار 7 ویں مونٹی کارلوماسٹر زٹینس چیمپئن شپ ٹائٹل کے لئے ہم وطن ڈیوڈ فیرر کے خلاف مقابلے کے لئے کورٹ میں اتریں گے۔ اینڈی مرے کہنی کی تکلیف کے باعث فیصلہ کن سیٹ میں جم کر مقابلہ نہ کر سکے۔ ندال نے 3 گھنٹے کے مقابلے میں 6-4‘ 2-6‘ 6-1 سے کامیابی حاصل کی۔ اس سے قبل ڈیوڈ فیرر نے 7 سیڈڈ آسٹریا کے جرگن میلرز کو بآسانی 6-3‘ 6-2 سے ہرا کر پہلی مرتبہ مونٹی کارلو ماسٹرز کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ 4 سیڈ ہسپتانوی سٹار 12 ویں کیرئیر ٹائٹل کے لئے میدان میں اتریں گے۔ میلرز نے 16 بار گرینڈ سلام چیمپئن روجر فیڈرر کو کوارٹر فائنل میں شکست دی تھی۔ آسٹریلین اوپن سیمی فائنلسٹ فیرر اس سال 2 ٹائٹل جیت چکے ہیں۔ دریں اثناءمونٹی کارلو اوپن ٹینس کے سیمی فائنل میں اعصام الحق اور روہن بھوپانا کو شکست ہو گئی۔ انہیں یوان چیلا اور ساوریس کی جوڑی نے 6-2، 7-10 اور 10-7 سے ہرایا۔