آئس لینڈ میں آتش فشاں سے نکلنے والی راکھ کے بادلوں کے باعث پروازیں ابھی تک بحال نہیں ہو سکیں
آئس لینڈ کے آتش فشاں سے نکلنے والی راکھ کے باعث شمالی یورپ کے ممالک کا دنیا بھر سے فضائی رابطہ ابھی معطل ہے۔ اب تک یورپ جانے اور آنے والی ہزاروں پروازوں کو منسوخ کیا جا چکا ہے۔ یورپ کے اکثر ملکوں کے ایئرپورٹس بند ہیں۔ سویڈن ، ناروے ، ہنگری، رومانیہ ، ترکی، فن لینڈ اور ڈنمارک سے آنے اور جانیوالی تمام پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔ یورپ آنے والی ایشیائی پروازیں بھی ابھی تک بحال نہیں ہوسکیں ۔ پروازیں منسوخ ہونے کے باعث ٹرینوں اور سڑکوں پررش بڑھ گیا ہے، حکومتوں کی جانب سے اضافی ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں ۔ حکام کا کہنا ہے کہ نائن الیون کے واقعہ کے بعد پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ کی گئی ہیں ۔ ادھر جرمنی کے وزیر دفاع کارل تھیوڈور فضائی رابطہ معطل ہونے کی وجہ سے ترکی میں پھنس کر رہ گئے ۔ متعدد یورپی ملکوں کے سربراہان بھی پولینڈ کے صدرکی آخری رسومات میں شرکت کے لیے پولینڈ نہیں پہنچ سکے۔