پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری ملک کی بلند ترین سطح پر ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان گھوڑے اور سائیکل پر سب سے پہلے خود بیٹھیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے بیان میں عوام کی غربت کا مذاق اڑایا ہے۔ عوام کے پاس روٹی کھانے کے پیسے نہیں اور عمران صاحب گھوڑے خریدنے کی باتیں کر رہے ہیں ۔ عوام کے پاس آٹا ، روٹی اور دوائی خریدنے کے پیسے نہیں ہیں وہ گھوڑے اور سائیکل کہاں سے خریدیں گے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس ملک میں سب سے زیادہ خرچہ آپ کا ہے۔ آپ گھر چلے جائیں ہم عوام کے لیے پیٹرول آٹا ، چینی ، گیس ، دوائی اور بجلی سستی کر دیں گے ۔عمران صاحب قوم کو گھوڑے اور سائیکل استعمال کرنے کا مشورہ دینے کے بجائے استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ گھوڑے ، گدھے ، بھینسیں ، کٹے ، مرغیاں ، انڈوں کے سوا اور کچھ عمران صاحب کے دماغ میں نہیں آتا ، اے ٹی ایمز اور مافیاز کو بڑی گاڑیاں خرید کر دیں اور عوام کو گھوڑے اور سائیکل خریدنے کا مشورہ دیں۔انہوں نے کہا کہ عمران صاحب قوم کو گھوڑے اور سائیکل کی نصیحت کر کے خود خصوصی طیارے میں بیٹھ کر باہر چلے گئے ہیں ۔ عمران صاحب کو گدھے اور گھوڑے کی قیمت کا بھی کوئی علم نہیں، نہ ہی انہیں یہ پتہ ہے کہ سائیکل کتنے کی مل رہی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ آٹا، چینی، گھی، دال، سبزی، انڈے، بجلی، گیس اور دوائی تاریخ کی مہنگی ترین سطح پر ہے ، ملک پر تاریخ کا بلند ترین قرض، تاریخی خسارہ، ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے اور غریب عوام کو عمران صاحب کی طرف سے گھوڑے اور سائیکل خریدنے کا مشورہ مل رہا ہے۔