گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ ہر پاکستانی دہشتگردی کے خلاف جنگ اور ملکی دفاع کیلئے پاک افواج کے ساتھ ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ جنوبی وزیرستان میں دہشت گرد واقعے میں 7 جوانوں کی شہادت بہت بڑا سانحہ ہے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع اور امن کیلئے جانوں کی قربانیاں دینے والی فوجی جوانوں پر قوم کو ناز ہے۔
جنوبی وزیرستان میں دہشت گردی کے واقعہ میں 7فوجی جوانوں کی شہادت بہت بڑا سانحہ ہے فوجی شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا انشاءاللہ ملک سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا ہوگا وطن کی خاطر جان دینے والوں پر پوری قوم کو ناز ہے، پوری قوم شہداء کے خاندانوں اور پاک افواج کے ساتھ ہے.#PakArmy
— Mohammad Sarwar (@ChMSarwar) September 16, 2021
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ انشااللہ ملک بھر سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ دہشت گرد پاکستانی افواج اور عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے دہشت گردی کے خلاف سب متحد ہیں۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین افواج ہے جو دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دے گی، خطے میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک افواج نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔