وزیراعلیٰ آج میلسی میں دانش سکول‘ دریائے ستلج کے اضافی چینل کا افتتاح کرینگے
میلسی ‘ چوک میتلا (نامہ نگار) میلسی(نامہ نگار)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار آج میلسی کا دورہ کریں گے وزیر اعلیٰ اپنی آمد کے فوراً بعد ٹبہ سلطانپور میں دانش سکول کا افتتاح کریں گے اور بعد ازاں میلسی سائیفن کے مقام پر ایس ایم بی لنک کینال کی توسیع اور دریائے ستلج کے پل سے نیچے بنائے گئے اضافی چینل کے منصوبے کا بھی افتتاح کریں گے بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ممبر قومی اسمبلی اورنگزیب خان کھچی او رصوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی کی اقامت گاہ فدہ ٹائون آئیں گے جہاں وہ مختلف وفود سے ملاقات اور شہریوں کے نمائندہ اجتماع سے خطاب بھی کریں گے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے تمام تر تیاریاں مکمل کر لیں ہیں ۔ دانش اسکول ٹبہ سلطان پور کی منظور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے رکن قومی اسمبلی سعید احمد خان منیس اور سابق صوبائی وزیر آصف سعید خان منیس کی خصوصی درخواست پر کی تھی اور مسلم لیگ ن کے دور حکو مت میں ہی دانش اسکول کی تعمیر مکمل ہوئی لیکن تحریک انصاف کی حکومت آتے ہی تمام معاملات کو روک دیا گیا تھا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ہمراہ اراکین صوبائی اسمبلی بھی ہونگے وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ کے لئے ٹبہ سلطا ن پور کے کسی بھی صحافی کو کوریج کی اطلاع نہیں دی گئی جس پر صحافی سراپااحتجاج ہیں ۔