پنکھوں کی برآمد پر ڈیوٹی ڈرا بیک کی شرح میں اضافہ‘ 4.396 فیصد کر دی گئی
اسلام آباد (آن لائن) برآمدات اور تجارت کے فروغ کے لئے وزیراعظم پاکستان کے وژن اور ہدایات کی روشنی میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (کسٹمز ونگ) نے پنکھوں کی صنعت کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے ایس آر او نوٹیفکیشن 859(I)/2020 جاری کر دیا ہے۔ نئے ایس آر او کے تحت ڈیوٹی ڈرا بیک کی شرح 1.72 فیصد سے بڑھا کر 4.396 فیصد کر دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ پنکھوں کی صنعت کے لئے ٹیکس نظام پر 2009 سے کوئی نظرثانی نہیں کی گئی تھی جس کے باعث پنکھوں کی برآمدی صنعت جمود کا شکار ہو رہی تھی۔ پاکستان کسٹمز (ایف بی آر) نے وزیراعظم کے وڑن "میک اِن پاکستان" کو عملی شکل دینے کا تہیہ کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں برآمدات کے فروغ اور تجارت میں سہولت کے لئے متعدد تاریخی اقدامات کئے جا رہے ہیں جن کی بدولت برآمدات میں نمایاں اضافہ ہو گا اور کارخانہ داروں کو مالی مسائل سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔