بھارتی غیر قانونی قبضے والے کشمیرمیں تاریخی مساجد، درگاہوں کی جگہ 50ہزار مندروں کی تعمیر شروع
سری نگر (این این آئی، نیٹ نیوز) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموںوکشمیر کو جلد ازجلد ہندو علاقے میں تبدیل کرنے کے نریندر مودی کی فسطائی حکومت کے مذموم منصوبے کے تحت بھارت نے وادی میںتقریباً 50 ہزار مندر قائم کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی حکومت نے خستہ حال مندروں کی تعمیر نوکے نام پر کئی تاریخی مساجد اوردرگاہوںکی نشاندہی کی ہے جہاں یہ مندر قائم کیے جارہے ہیں۔ جیسا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی گٹھ جوڑ کا بدنام زمانہ طریقہ واردات رہا ہے۔ بھارتی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ مساجد ہندوؤں کے قدیم مذہبی مقامات پر تعمیر کی گئی تھیں۔ اسلامی تنظیم آزادی جموں وکشمیرکے غیر قانونی طورپر نظر بند چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے بانڈی پورہ سب جیل میں بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ میںایک فوٹو جرنلسٹ کامران یوسف اوردو دیگر صحافیوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ صحافی کاکہ پورہ میں بھارتی فوجیوںکی طرف سے شروع کئے جانیوالے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کی کوریج کرر ہے تھے۔ کامران یوسف نے بھارتی فورسز کی طرف سے تشدد کے بارے میں میڈیا کو بتایا کہ سب ڈویژنل پولیس افسر اور ان کے ہمراہ دیگر پولیس اہلکاروں نے ان کا تعاقب کیا اور لاٹھیوں سے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا ۔ پولیس اہلکاروںنے دو دیگر صحافیوں پربھی تشددکیا۔ اس واقعے کی ویڈیو میں پولیس اہلکاروںکو یوسف کا پیچھا کرتے ہوئے اس پر لاٹھیوں سے تشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی ہائی کمشنرمشیل بیچلیٹ نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموںوکشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کا گزشتہ سال 5اگست کے یکطرفہ اقدام اور اس کے بعد نئے ڈومیسائل قانون سے پورے مقبوضہ علاقے کے عوام میں شدید بے چینی پیدا ہو رہی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے45 ویں اجلاس کے آغاز پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ہائی کمشنرنے اپنے بیان میں کہاکہ بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں پیلٹ گن کے استعمال سمیت شہریوں کے خلاف بھارتی فوج اور پولیس کا تشدد جاری ہے۔ پلوامہ میں گھر گھر تلاشی کے دوران فائرنگ کے تبادلہ میں 2 فوجی زخمی ہوگئے۔