ایکسائز کانسٹیبل ایک لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
کراچی (این این آئی) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ سکھر زون نے سرکل افسر گھوٹکی اعجاز حسین میمن نے فرسٹ جوڈیشل مجسٹریٹ واجد علی کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے ایکسائز کانسٹیبل عبد الحمید کو ایک لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ سکھر زون کو شکایت ملی تھی کہ ایکسائز کانسٹیبلز عبدالحمید اور منظور احمد کلہوڑ نے محکمہ ایریگیشن میں ملازمت دلوانے کے لئے مدعی سے 12 لاکھ روپے رشوت طلب کی ہے اور دو لاکھ روپے ایڈوانس بھی لے لیا تھا اور اب میڈیکل فٹنس کے لئے مذید ایک لاکھ روپے طلب کررہے تھے۔ شکایت ملنے پر اینٹی کرپشن ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ایکسائز کانسٹیبل عبدالحمید کو ایک لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔