بلدیہ ٹائون‘ سارا دن اور رات بجلی غائب سخت گرمی میں لوگوں کا برا حال‘کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر
کراچی(اسٹاف رپورٹر) بلدیہ ٹائون میں بجلی کی طویل دورانیئے کیلئے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ سخت گرمی اور حبس کے دوران علاقے میں گھنٹوں بجلی غائب رہنا معمول بن گیا ہے جس پر شہریوں نے سخت احتجاج کیا ہے۔ بجلی نہ ہونے سے پانی کا بھی شدید بحران پیدا ہوگیا۔ منگل کو بلدیہ ٹائون اور سعید آباد میں صبح سے رات گئے تک بجلی بند رہی جس کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی گئی بجلی نہ ہونے سے گرمی میں لوگوں کا برا حال ہوگیا ۔ خاص طور پر کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔ چاندنی چوک‘24 مارکیٹ سیکٹر فائیو جے‘ مدینہ کالونی‘ گل داد شاہ روڈ‘19-D اور دیگر آبادیوں کے لوگوں نے بتایا کہ گرمی کی شدت بڑھتے ہی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھادیا گیا ہے۔ اہلیان علاقہ نے کے الیکٹرک کے سربراہ سے اس سلسلے میں نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔