سعید غنی نے تعلیمی اداروں کا دورہ کیا‘ ایس اوپیز کا جائزہ
کراچی ( نیوزرپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے منگل کے روز کم و بیش 6 ماہ کے بعد کھلنے والے تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کیا ۔ صوبائی وزیر نے ڈسٹرکٹ ایسٹ،ساؤتھ اور کیماڑی کے کم و بیش 15 سے زائد سرکاری اور نجی اسکولز و کالجز کا وزٹ کیا اور وہاں تعلیمی اداروں کے کھلنے کے حوالے سے دی گئی ایس او پیز کو چیک کیا۔ صوبائی وزیر نے اسکولوں اور کالجز میں جن جن طلبہ و طالبات اور اسٹاف کے افراد نے ماسک نہیں پہنے ہوئے تھے انہیں ماسک فراہم کیا اور تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں ان کے مرکزی دفاتر پر ماسک کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات دی۔ صوبائی وزیر تعلیم و محنت سعید غنی نے منگل کے روز شہر کے مختلف سرکاری و نجی اسکولز و کالجز کا اچانک دورہ کیا اور وہاں منگل کے روز سے شروع ہونے والی تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے وومن کالج، شارع فیصل، کوتوال پرائمری اینڈ سیکنڈری اسکول، سی ایم ایس پرائمری اینڈ سیکنڈری اسکول، میر یعقوب پرائمری اینڈ سیکنڈری اسکول لیاری، میر ہدایت اللہ پرائمری اینڈ سیکنڈری اسکول، لیاری 2، بی ایم کبرال اسکول، موسیٰ لائن، ٹی ایس ایف اسکول آگرہ تاج کالونیم عبداللہ ہارون پرائمری اینڈ سیکنڈری اسکول، نیا آباد، عبداللہ ہارون کالج، لیاری، ایرانیان ٹیکنیکل اسکول، کھارادر، رونق اسلام گرلز کالج، کھارادر، کتیانہ میمن اسکول (کے ایم اے) کھارادر، گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج، جنگل شاہ، کیماڑی اور دیگر شامل تھے۔ صوبائی وزیر نے ان تعلیمی اداروں میں مرکزی دروازوں پر تھرمل گن، سینیٹائزر اور ماسک کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر نے وومن کامرس میں صفائی کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ پرنسپل کو فوری طور پر صفائی ستھرائی کی ہدایات جاری کیں۔ صوبائی وزیر نے کوتوال اسکول میں تدریسی نظام کا جائزہ لیا اور کلاس روم میں جاکر طلبہ سے ایس او پیز کے حوالے سے معلومات حاصل کی۔ اس موقع پر انہوں نے غیر تدریسی عملہ کے ماسک نہ پہننے پر نہ صرف ان کی سرزرش کی بلکہ انہیں اپنی طرف سے ماسک بھی فراہم کئے، بعد ازاں صوبائی وزیر سعید غنی کراچی کے قدیمی اسکول سی ایم ایس اسکول، مولوی عبدالحق روڈ پہنچیں، وہاں پر انہوں نے انتظامات پر اسکول کے پرنسپل کی کاوشوں کا سراہا، صوبائی وزیر نے اسکول کے مختلف کلاسوں می جاری تدریسی عمل کا بھی جائزہ لیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے لیاری کے مختلف سرکاری اور نجی اسکولز اور کالجز کا بھی دورہ کیا اور وہاں اسکول کی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم انہوں نے اساتذہ اور اسٹاف کو تنبہ کی کہ اس ایس او پیز کو مکمل طور پر بنائے رکھا جائے۔