ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی کا معاملہ،کیس چیئرمین سی ڈی اے کو بھیج دیا گیا
اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت نے سی ڈی اے کے ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی کا معاملہ چیئرمین سی ڈی اے کو بھیجتے ہوئے درخواست نمٹادی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہاکہ قانون میں ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی کا کوئی زکر نہیں، سی ڈی اے وکیل نے کہاکہ ہم نے ایک پالیسی بنائی ہے اور اس کے مطابق چلنا ہوتا ہے،چیف جسٹس نے کہاکہ ڈیلی ویجز ملازمین کی تعیناتی مسابقتی عمل سے نہیں کی جاتی، وکیل نیکہاکہ سی ڈی اے نے درخواست گزار کو پہلے مستقلی کی اپروول دی اور پھر واپس کیا،عدالت نے وکیل درخواست گزارسے استفسارکیاکہ سی ڈی اے نے آج تک کوئی کام ٹھیک کیا؟ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ سی ڈی اے نے پورے اسلام آباد کا ماسٹر پلان داؤ پر لگا دیا،شہر بھر میں غیر قانونی تعمیرات کی جارہی ہیں شہر کی آب و ہوا تباہ کردی گئی،عدالت نے کیس چیئرمین سی ڈی اے کو بھجواتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔