سانحہ موٹر وے: سینٹ میں اپوزیشن حکومت ایک پیج پر
اسلام آباد (محمد رضوان ملک) ایوان بالا میں سانحہ موٹروے پر حکومت اور اپوزیشن ایک پیج پر نظر آئیں۔ ایوان بالا کی تمام جماعتیں مجرموں کو سخت سے سخت سزا دینے کے حق میں تھیں۔ تمام جماعتیں اس بات پر متفق تھیں کہ ملک میں عدلیہ سمیت دیگر ادارے تباہ ہوچکے ہیں اور نظام کی اوورہالنگ کی ضرورت ہے۔ اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان نے اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے بڑی سرجری کی ضرورت پر زور دیا اور کہا سی پی او کے بیان سے بہت غلط پیغام گیا ان سے استعفیٰ لیا جائے۔ جبکہ حکومتی اراکین نے استعفیٰ کا مطالبہ غیر ضروری قرار دیا۔ کچھ حکومتی ارکا ن نے ان کے بیان کی مذمت کی لیکن کارکردگی کے حوالے سے ان کو ایک بہادر افسر قراردیا۔مسلم لیگ ن کے ارکان کا کہنا تھا کہ آپ نے اس افسر سے کوئی انتقامی کارروائی کرانی ہے اس لئے اس کا تحفظ کر رہے ہیں لیکن یہ کام کسی اور سے بھی لے سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حاکم وقت اس سوچ کے خلا ف دیوار نہ بنا تو اس طرح کے واقعات ہوتے رہیں گے۔