کاشتکار فصلوں کی باقیات کو کٹائی کے بعدآگ لگانے سے گریز کریں، محکمہ زراعت
راولپنڈی(جنرل رپورٹر)ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ کاشتکار فصلوں کی باقیات کو کٹائی کے بعدآگ لگانے سے گریز کریں کیونکہ اس سے فضائی آلودگی(سموگ)پیدا ہوتی ہے ۔ سموگ کے اثرات کو کم کرنے کے لیے فصلوں کی باقیات کو زمین میں ملا کر زمین کی زرخیزی میں اضافہ کریں۔سموگ کی وجہ سے انسانی زندگی فصلات، باغات اور سبزیوں پر منفی اثرات مرتب ہونے کا اندیشہ موجود ہوتا ہے۔ترجمان محکمہ زراعت نے مزید بتایا کہ امسال فیلڈ اسسٹنٹس روزانہ کی بنیاد پر فصل کی باقیات کو جلائے جانے والے واقعات کو مانیٹر کریں گے اور اس کی رپورٹ ڈائریکٹر(ایم اینڈ ای) اوراپنے متعلقہ ڈویژنل ڈائریکٹر کوارسال کی جائے گی۔ فصلوںکے مڈھوں سے اٹھنے دھواں ٹریفک حادثات اور انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بھی بنتا ہے۔۔ فصلوں کے مڈھوں کو تلف کرنے کیلئے کاشتکار روٹا ویٹر یا ڈسک ہیرو کی مدد سے باقیات کو زمین میں ملا دیںیا گہرا ہل چلا کر آدھی بوری یوریا فی ایکڑ چھٹہ کرکے پانی لگا دیں۔اس سے زمین کی زرخیزی اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ترجمان نے کاشتکاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ زراعت پنجاب سے اس سلسلے میں مکمل تعاون کریں کیونکہ سموگ کی وجہ سے انسانی زندگیوں پر براہ راست منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔