عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے پاکستان پر اثرات، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 سے 12 روپے اضافے کا خدشہ ہے۔
پاکستان کے امپورٹ بل میں 80 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہو جائے گا، تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں بھی اضافہ ہوگا۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کااثر پاکستان پر بھی پڑے گا، ذرائع کے مطابق یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے سے 8 روپے جب کہ یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 10 روپے سے 12 روپے فی لیٹر بڑھنے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تیل کی قیمتوں کے فارمولے کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اثرعوام پر نومبر میں پڑے گا، حکومت ٹیکسوں کی شرح میں کمی کرکے تیل کی قیمتوں میں اضافے کا کم سے کم بوجھ صارفین پر ڈالے گی۔
یاد رہے سعودی تنصیبات پر حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 4 ماہ کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی، امریکی خام تیل کی قیمت میں 10.68 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ عالمی منڈی میں ٹریڈنگ کے آغاز پر ہی خام تیل کی فی بیرل کی قیمت میں 19 فیصد اضافہ ہوا اور وہ 71.95 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی۔
اس کے علاوہ تیل کی قیمت کا دوسرا اہم پیمانہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت میں 15 فیصد اضافہ ہوا اور وہ 63.34 ڈالر تک پہنچ گئی۔ حملوں کی وجہ سے تیل کی عالمی رسد میں فوری طور پر 5 فیصد کمی آگئی تاہم بعد میں صدر ٹرمپ کی جانب سے امریکی ذخائر ریلیز کرنے پر قیمت میں تھوڑی کمی آئی۔ حکام کے مطابق سعودی تنصیبات کے مکمل طور پر واپس آپریشنل ہونے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔