حکومتی پالیسیوںسے کاروبار کم ترین سطح پر آگیا:اشرف بھٹی
لاہور( سٹاف رپورٹر )آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں اور مہنگائی کی شدید لہر کی وجہ سے کاروبار تاریخ کی کم ترین سطح 30فیصد پر آ گیا ہے اورایسے حالات میں کاروبار بند کرنے کے سوا کوئی چارہ باقی نہیں رہ گیا ،وزیر اعظم سب اچھا کی رپورٹس پر یقین کرنے کی بجائے ایسوسی ایشنز اور تاجر تنظیموں سے ملاقات کریں تاکہ انہیں اصل حقائق سے آگاہی حاصل ہو سکے ۔ اپنے ایک بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ ایک سال میںمہنگائی میںجس قدر تیزی سے اضافہ ہوا ہے اس سے عوام کی کمر ٹوٹ گئی ہے اور ان کی قوت خرید جواب دے گئی ہے لیکن حکومت کی معاشی ٹیم پھر بھی سب اچھا کی رپورٹ دے رہی ہے ۔ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کاری اورکاروبار منجمد ہو گیا ہے ،لوگوں کی آمدن میں بھی کمی ہوئی جس کے منفی اثرات معیشت پر مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں کاروبار تاریخ کی کم ترین سطح 30فیصد پر آگیا ہے اور اس سے نیچے کاروبار کرنا مشکل نظرآرہا ہے ۔حکومت کاروبار اور معیشت سکڑنے کے اسباب کا جائزہ لے اور ان کا تدارک کیا جائے بصورت دیگر آنے والے دن اچھے حالات کی خبر نہیں دے رہے اور مہنگائی اور بیروزگاری کے سونامی کو کنٹرول کرنا کسی کے بس میں نہیں رہے گا۔