ساہیوال: 2 لڑکیوں، لاہور میں خاتون اور پولیس اہلکار کی خودکشی
لاہور، ساہیوال (نامہ نگار ، نمائندہ نوائے وقت) کوٹ لکھپت میں گھریلو جھگڑوں سے دلبرداشتہ خاتون جبکہ ساہیوال کے مختلف علاقوں میں دو لڑکیوں نے خودکشی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت کے رہائشی ارشد نے چند سال قبل سونیا سے پسند کی شادی کی تھی۔ دونوں کے درمیان اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا۔ گزشتہ روز سونیا نے جھگڑوں سے دلبرداشتہ ہو کر پنکھے سے رسی لٹکا کر پھندے سے جھول گئی۔ اطلاع پر پولیس نے دروازہ توڑ کرنعش باہر نکالی اور پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کرنے کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ جبکہ ساہیوال کے نواح میں گھریلو تنا زعہ پر 2 لڑکیوں نے زہر پی کر خود کشی کر لی۔ کچی آبادی کے نذیر احمد کی بیٹی 19سالہ یاسمین نے گھریلو تنا زعہ پر گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ فیصل آباد روڈ نئی آبادی کے فضیل شاہ کی 15سالہ بیٹی شہزادی نے والدین کی ڈانٹ ڈپٹ سے تنگ آ کر زہریلی سپرے پی لی اور ہسپتال میں دم توڑ گئی۔تھانہ سول لائن میں پولیس اہلکار نے مبینہ طور پر دوران ڈیوٹی خودکشی کرلی ہے۔ گجرات کے رہائشی امیر حمزہ نامی اہلکار نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی ہے۔