ایران، روس کا مالی لین دین کیلئے متبادل نظام قائم کرنے پر اتفاق
ماسکو (اے پی پی) ایران اور روس نے مالی لین دین کے لئے سوئفٹ کا متبادل سسٹم قائم کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے معاون خصوصی یوری اوشاکوف نے بتایا ہے کہ روس اور ایران نے یہ مشترکہ قدم کسی بھی تیسرے ملک کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندیوں کے مقابلے میں باہمی اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو محفوظ رکھنے کی غرض سے اٹھایا ہے۔سوئفٹ دنیا میں مالیاتی ادائیگیوں کی معلومات کے تبادلے کا سب سے بڑا نظام ہے جس میں ڈالر سے وابستہ دنیا کے دوسو ملکوں کے11 ہزار بینک اور مالیاتی ادارے شامل ہیں۔امریکہ اور اس کے یورپی اتحادیوں نے روس کے خلاف پابندیوں کے دائرے میں سوئفٹ سسٹم تک اس کی رسائی ممنوع کردی ہے جبکہ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں نے ایرانی بینکوں اور مالیاتی اداروں کے لیے سوئفٹ سسٹم سے استفادہ کے راہ میں لاتعداد مشکلات کھڑی کر رکھی ہیں۔