ڈیل اسٹین کی 2سال بعد جنوبی افریقی ون ڈے اسکواڈ میں واپسی
جوہانسبرگ(سپورٹس ڈیسک ) کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے الگ الگ ٹیموں کو اعلان کر دیا اور اسٹار فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین کی تقریباً دو برس بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی20 میچوں کی سیریز رواں ماہ 30ستمبر سے کھیلی جائے گی جس کے لیے جنوبی افریقی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔اعلان کردہ اسکواڈ میں ایک عرصے سے انجری کا شکار فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین کو بھی شامل کیا گیا جنہوں نے آخری مرتبہ اکتوبر 2016 میں ایک روزہ میچ میں ملک کی نمائندگی کی تھی۔ٹیم کے کپتان فاف ڈیو پلیسی کو انجری مسائل کے باوجود دونوں اسکواڈز میں شامل کیا گیا ہے تاہم ان کی سیریز میں شرکت فٹنس سے مشروط ہو گی۔اس کے ساتھ ساتھ اسپنر عمران طاہر کی بھی دوبارہ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جنہیں سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں آرام کا موقع دیا گیا تھا اور عمران کی واپسی کے بعد جنوبی افریقی ٹیم کے پاس چار اسپنرز کو کھلانے کا آپشن ہو گا۔ڈیوڈ ملر اور کوئنٹن ڈی کوک کو حیران کن طور پر ون ڈے سکواڈ سے ڈراپ کیا گیا ہے لیکن یہ فیصلہ ممکنہ طور پر انہیں آرام کرانے کے لیے کیا گیا ہے البتہ دونوں کھلاڑی ٹی20 سیریز میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔