ریلوے کی قیمتی اراضی بیچنے کیلئے وزیراعظم سے آرڈیننس کی درخواست کرینگے: شیخ رشید احمد
لاہور (این این آئی+ سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریلوے کی قیمتی زمینیں بیچنے کیلئے وزیراعظم سے آرڈیننس جاری کرنے کی درخواست کی جائیگی، اراضی واگزارکروانے کے دوران کچی آبادی والوں کو تنگ نہیں کیا جائیگا، 23 ہزارافراد بھرتی کرنے کیلئے وزیراعظم کوخط لکھا ہے تاہم 10 ہزار افراد فوری بھرتی کے جائیں گے، اس کے علاوہ ریلوے ہسپتالوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے چلایاجائے گا، کسی صورت ریلوے کے کرایوں میں اضافے کے حق میں نہیں ہوں، عوام کی سہولت کیلئے ایک اور نئی ٹرین چلا دی جبکہ مزید دو 16 ستمبر سے چلائی جائیں گی جبکہ سات ریجنل ہید کوارٹرز میں صاف پانی کے ٹینڈر بھی میرٹ پر طلب کئے جائیں گے، شالیمار کیس میں خود پنڈی سے نیب کو بھجوائوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ریلوے ہیڈ کواٹرز لاہور میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے سیکٹر میں 23 ہزار لوگوں کی نئی بھرتیوں کی اشد ضرورت ہے جس کے لئے وزیر اعظم کو خط لکھ دیا ہے جبکہ 10 ہزار فوری میرٹ پر بھرتی کیے جائیں گے۔ 7ریجنل ہید کواٹرز کے بڑے سٹیشنز پر صاف پانی کے ٹینڈرز طلب کریں گے جس کے بعد اس کو بڑھا کر ان کی تعداد 25 سے 30 سٹیشنز تک کر دی جائے گی اور یہ سب پرئیویٹ سیکٹر کے ذریعے ہو گا۔ گزشتہ دور میں ایک سٹیشن کو اپ گریڈ کرنے پر پر 2 ارب روپے خرچ کیے گئے مگر ان کی حالت بہتر نہیں ہوئی، ہم تمام سٹیشنز کو پبلک رائیویٹ پارٹنرشپ پر اپ گریڈ کرنے کی پیشکش کرتے ہیں۔ ریلوے کے تمام ہسپتالوں کو بھی پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کیساتھ پرائیویٹ سیکٹر کو دینے جارہے ہیں، ان ہسپتالوں پر 20کروڑ لاگت آتی ہے لیکن ریلوے کا ملازم اپنا علاج باہر سے کرواتا ہے تو اس پیسہ کو بھی بچائیں گے، اس حوالے سے اسلام آباد میں ایک لیفٹیننٹ جنرل سے بات جاری ہے تا کہ ان ہسپتالوں میں بہتری آئے۔ 16ستمبر سے دو نئی ٹرینیں موہنجو داڑو اور روہی سے چلیں گی جن کو سکھر سے آپریٹ کیا جائے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ سارا زور فریڈ کی کارکر دگی کو بہتر بنانے پر ہے کیونکہ فریڈ ریلوے کی ریڑھ کی ہڈی ہے، ریلوے افسران فریڈ کو ایک ماہ میں ٹھیک کر لیں اگر ایسا نہ کر سکے تو اس کو بھی چھ ماہ یا ایک سال کیلئے ٹیسٹنگ ٹرائل پر پرائیویٹ کر دیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ کسی کچی آبادی کو چھیڑا نہیں جائے گا۔ کسی غریب آدمی کو تنگ نہیں کیا جائے گا مگر کسی بڑے مگرمچھ کو بھی نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 65سال سے زائد عمر والے افراد شناختی کارڈ دکھا کرآدھی قیمت پر سفر کریں گے جبکہ معذور اور نابینا افراد کی ٹکٹ کی رقم آدھی ہو گی اور ان کے ساتھ ایک آدمی بھی آدھی ٹکٹ پر سفر کر سکے گا،ان تمام افراد کو مال گاڑی کی سہولت بھی فری دستیاب ہو گی۔ سو دن کے اندر عمران خان کے وژن پر پورا اتریں گے، جس جگہ پر کپتان نے کھیلنے بھیجا ہے وہاں پوری ایمانداری سے اپنی کارکر دگی دکھائوں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محکمہ ریلوے میں سات ہزار پولیس اہلکار اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کلثوم نواز ایک بہادر اور عظیم خاتون تھیں ،ان کی مغفرت کیلئے دعاگو ہوں اور شریف خاندان سے بھی اظہار تعزیت کر چکا ہوں۔