پاکستانی خواتین محنتی، ذہین اور باصلاحیت ہیں: آشفہ ریاض فتیانہ
لاہور (پ ر) منسٹر ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ آشفہ ریاض کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا جس میں سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ عطاء محمد خان، چیئرپرسن پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین، ایڈیشنل سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ محمد عامر عقیق منج، ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین کے دوسرے افسروں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے پہلے مرحلہ میں سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے منسٹر صاحبہ کو بریفنگ دی گئی کہ گزشتہ دو سالوں میں خواتین کو بااختیار اور مستحکم بنانے کے لئے ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بے شمار اقدامات کئے گئے جن میں سے چند اقدامات پر کام جاری ہے۔ منسٹر ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ ملکی آبادی کا 50 فیصد خواتین پر مشتمل ہے اور خواتین کو بااختیار اور مضبوط بنائے بغیر ملک کی خوشحالی اور ترقی کے خواب کو پورا نہیں کیا جاسکتا۔ ملکی تعمیر و ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہم ہے۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ پاکستانی خواتین قابل، محنتی اور ذہین ہیں اور انہوں نے شعبہ ہائے زندگی میں اپنی خدمات کا لوہا منوایا ہے۔ کوئی معاشرہ خواتین کو ان کے حقوق دیئے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا۔