قبائلی علاقوں سمیت ملک کے تمام علاقے دہشت گردوں سے خالی کرالئے: صدر ممنون
اسلام آباد (ایجنسیاں) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی کے ساتھ حتمی مراحل کی طرف گامزن ہے۔ قبائلی علاقوں سمیت ملک کے تمام علاقے دہشت گردوں سے خالی کرا لئے گئے ہیں اور آئندہ چند ماہ کے دوران صورتحال مکمل طور پر قابو میں آجائیگی جو پاکستان، خطے کے ممالک اور تمام اسلامی ملکوں کیلئے بہت سازگار ہوگی۔ انہوں نے یہ بات مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہیں ایوان صدر میں ظہرانے پر مدعو کیا گیا تھا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اسلامی ممالک سے تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے۔ پاکستان اور اسلامی ملکوں کے درمیان تجارت 19 ارب ڈالر سالانہ ہے۔ جس میں اضافہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے بتایا کہ نومبر میں اسلام آباد میں اسلامی ملکوں کی سربراہ کانفرنس منعقد ہوگی جس میں مسلم ممالک کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اسلامی دنیا کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے مسلم ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔ فلسطینی اور کشمیر عوام اپنے جائز حقوق کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کے مسائل کے حل کیلئے پاکستان سفارتی اور سیاسی کوششیں جاری رکھے گا۔ دریں اثناء صدر مملکت ممنون حسین نے مالدیپ کے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں۔ یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے مالدیپ کیلئے پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر وائس ایڈمرل ریٹائرڈ سید خاور علی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے صدر مملکت سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔ صدر مملکت نے نامزد سفیرکو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اْمید ظاہر کی کہ انکے تقرر کے دوران دونوں ملکوں کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور انہیں مزید گہرا کرنے کیلئے مختلف بین الاقوامی فورمز پر تعاون کو مزید بڑھایا جائے۔