بھارت کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ، جوان شہید، پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی
راولپنڈی + اسلام آباد + راولاکوٹ (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) بھارتی فوج نے گزشتہ روز کنٹرول لائن کے بٹل سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے باعث پاک فوج کا ایک جوان شہید ہو گیا جبکہ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے باعث دشمن کی گنیں خاموش ہو گئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بٹل سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان 20سالہ شمس شہید ہوگیا جس کا تعلق گلگت بلتستان کے ضلع غذرکے گاؤں شنگلوٹ سے تھا۔ پاکستانی فورسزکی موثر جوابی کارروائی پر دشمن کی گنیں خاموش ہوگئیں۔ ذرائع کے مطابق شہید کا جسد خاکی آبائی علاقے کو روانہ کردیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے بٹل سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ ایک ایسے موقع پرکی گئی ہے جب بی ایس ایف اور پاکستان رینجرز پنجاب کے درمیان 10 سے 12 ستمبر تک نئی دہلی میں ہونے والے ڈائریکٹرز جنرل سطح کے مذاکرات میں فریقین نے سرحد پر امن برقرار اور جنگ بندی کی پاسداری جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چودھری عبدالمجید نے نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال بھارتی گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارت کو خبردار کیا کہ وہ شہری آبادی کو جارحیت کا نشانہ بنانے سے باز رہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اقوام متحدہ سے کہا کہ وہ ایل اوسی پر آباد سویلین آبادی کو تحفظ فراہم کرے اور بھارت کو جارحیت سے باز رکھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایل او سی پر آباد شہری آبادی کے حوصلے بلند ہیں بھارتی حکمران جارحانہ اقدامات کے ذریعے ان کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے انتہا پسند حکمرانوں نے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل اور جارحیت کے ذریعے برصغیر کے امن کو مسلسل یرغمال بنا رکھا ہے اور برصغیر میں آباد 2ارب انسانوں کی زندگیوں کو دائو پر لگا رکھا ہے امن پسند دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ برصغیر میں آباد 2ارب انسانوں کے مستقبل کو محفوظ بنائے برصغیر میں امن اور خوشحالی کے لیے کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقدامات کرے۔ وزیراعظم نے کہاکہ برصغیر میں امن اور خوشحالی مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے امن پسند دنیا کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی اور ریاستی دہشت گردی کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کرنے کے اقدامات نے نیوکلیئر ایشیا کے امن کو شدید خطرات سے لاحق کررکھا ہے بھارتی حکمرانوں کا طرز عمل نیوکلیئر ایشیا میں کسی بڑے سانحے کو جنم دے سکتا ہے اور اس خطے کا امن تہس نہس ہوجائے گا۔ کشمیری شہداء کا مقدس لہو رنگ لا کر رہے گا۔ وہ گزشتہ روز کشمیر ہائوس میں مختلف وفود سے بات چت کررہے تھے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید سے امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر عبدالرشید ترابی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کے مسلم تشخص کے خلاف بھارتی سازشوں ایل او سی (ورکنگ بائونڈری) پر بھارتی گولہ باری اور مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے اس موقع پرامیر جماعت اسلامی سے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلم تشخص کے خلاف بھارتی سازشوں کے خلاف دی جانے والی 16ستمبر کی احتجاج کی کال پر سول سوسائٹی بھرپور طریقے سے شرکت کرے۔لاہور سے سپیشل رپورٹر کے مطابق جماعتہ الدعوۃ پاکستان نے کنٹرول لائن پر بلااشتعال بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر جارحیت بھارت کی جانب سے کھلا اعلان جنگ ہے۔ اس پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہئے۔ بھارت پاکستان کو دبائو میں لاکر اپنے مذموم منصوبے مکمل کرنا چاہتا ہے۔ مضبوط پیغام نہ دیا گیا تو بھارت جارحیت سے باز نہیں آئے گا۔ ایک مشترکہ بیان میں مولانا امیر حمزہ اور حافظ خالد ولید نے کہا کہ بھارت کنٹرول لائن پر بار بار فائرنگ کرکے جارحیت کا ارتکاب کر رہا ہے۔ حکومت عالمی سطح پر بھارتی دہشت گردی کو بے نقاب کرے۔