پاکستان نے مالیاتی خسارے کا ہدف حاصل کر لیا، شرح سود میں مسلسل کمی سے مہنگائی بڑھ سکتی ہے: موڈیز
سنگا پور(آئی ا ین پی + صباح نیوز) عالمی مالیاتی ادارے موڈیز نے پاکستانی معیشت بارے کہا ہے کہ پاکستان زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہے‘ حکومت نے مالیاتی خسارے کا ہدف باآسانی حاصل کیا‘ پاکستان کی ریٹنگ بی تھری پر برقرار رکھی جائے گی۔ اقتصادی راہداری منصوبے سے توانائی بحران پر قابو پالیا جائے گا۔ منگل کو موڈیز کی طرف سے جاری رپورٹ میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف کی پاکستان بارے تجزیاتی رپورٹ کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ آئندہ مالی سال میں پاکستان کی شرح نمو 4 اعشاریہ 2فیصدبڑھنے کا امکان ہے۔ مالیاتی ادارے کے مطابق پاکستان زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کی ہرممکن کوشش کر رہا ہے اور مالیاتی خسارے کا ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔ اس کی ریٹنگ بی3 پر برقراررکھی جائے گی۔ موڈیز کا مزید کہنا تھا کہ اقتصادیراہداری منصوبے سے توانائی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ موڈیز کی نائب صدر انوشکا شاہ نے کہا کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ اب معاشی ترقی کی شرح میں مزید اضافہ ہوگا۔ دوسری جانب انھوں نے اس خدشہ کا اظہار بھی کیا کہ شرح سود میں مسلسل کمی کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔