آسٹریلوی باکسر مکا برداشت نہ کر سکا‘ زندگی کی بازی ہار گیا
سڈنی(آن لائن) آسٹریلوی باکسر مخالف کھلاڑی کا مکا برداشت نہ کرتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق 28 سالہ نوجوان آسٹریلوی باکسر ڈیوی براؤن جونیئر سڈنی کی باکسنگ رنگ میں سپر فیدر ویٹ ٹائٹل کے لیے اپنے مدمقابل فلپائنی باکسر کے ساتھ مقابلے میں مصروف تھے کہ بارہویں راؤنڈ کے اختتام پر مخالف باکسر کا مکا اتنی زور سے ان کے سر پر لگا کہ وہ بے ہوش ہو کر رنگ میں گر پڑے جب کہ ان کے منہ سے خون نکلنا شروع ہوگیا جس پر باکسر کو فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ 3 دن تک موت اور زندگی کی کشمکش کے بعد زندگی کی بازی ہار گئے۔ ڈیوی براؤن کی موت سے صرف 6 ماہ پہلے ہی ان کے ہم وطن کوئنز لینڈ کے باکسر بریڈن سمتھ اسی طرح باکسنگ رنگ میں گر گئے تھے اور وہیں دم توڑ دیا۔ آسٹریلوی میڈیکل ایسوسی ایشن نے باکسنگ کو خونی کھیل قرار دے کر اس پر فوری پابندی کا مطالبہ کردیا ہے۔