پشاور ریجن نے کراچی بلیوز کو ہرا کر قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ جیت لیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹی 20 کپ کے فائنل میچ میں پشاور ریجن نے کراچی بلیوز کو7 وکٹوں سے شکست دیکر ٹائٹل جیت لیا۔پشاور ریجن نے 178 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔محمد رضوان اور افتخار احمد نے پشاور ریجن کی جانب سے عمدہ اور ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 110 رنز بنائے۔افتخار احمد نے 40 گیندوں پر چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے جبکہ ان کا ساتھ دینے والے محمد رضوان نے 34 گیندوں پر ایک چھکے اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ انور علی، شاہد آفریدی اور عبد الامیر نے ایک، ایک، وکٹ حاصل کی۔کراچی بلیوزنے 8 وکٹوں پر 177 رنز بنائے تھے۔خرم منظور 41 اور سرفراز احمد 47 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے ‘ شاہد آفرید ی صرف 15 رنز ہی بنا سکے۔عمران خان جو نیئر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔محمد رضوان کو میچ کابہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔