20 ہزار ایکڑ زمین پر قبضہ کرکے اربوں کی کرپشن کی گئی: ڈی جی نیب سندھ
کراچی (نوائے وقت نیوز) ڈائریکٹر جنرل نیب سندھ کرنل ’’ر‘‘ سراج النعیم نے کہا ہے کہ کراچی میں چائنہ کٹنگ کی تحقیقات کیلئے 2 جے آئی ٹیز بنائی گئی ہیں۔ نیب کراچی نے نیشنل بینک، ایف بی آر، سائٹ ایڈمنسٹریشن اور ٹھل تعلقہ میونسپل سے کرپشن کے ذریعے لوٹی گئی دو کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد کی رقم اداروں کو واپس کر دی۔ نیٹ ہیڈ کوارٹرز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں قیمتی زمینوں کی بندر بانٹ ہوئی۔ بیس ہزار ایکڑ زمین پر قبضہ کر کے اربوں روپے کی کرپشن کی گئی۔ سندھ پولیس کی جانب سے سی سی ٹی وی کیمروں کی خریداری میں ہونے والی کرپشن کی تحقیقات جاری ہے۔ جو بھی ملوث ہوا اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب نے رواں سال ایک ارب 50 کروڑ سے زائد کرپشن کی رقم بازیاب کی ہے جسے جلد متعلقہ اداروں کے حوالے کیا جائے گا۔ ڈی جی نیب سندھ نے کہا کہ نیب کا مقصد عوام کا لوٹا ہوا پیسا واپس کروانا ہے، کسی کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات نہیں بنارہے اور نہ ہی انتقامی کارروائی کی جارہی ہے، نیب کوکوئی حق نہیں کہ عوامی مینڈیٹ لینے والوں کی پگڑی اچھالے، یہ تاثر غلط ہے کہ ہم سیاسی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہیں۔ سراج النعیم نے کہا کہ ہم کسی حکومت کیخلاف نہیں چل رہے، ہمیں اب بھی سندھ حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ رکن سندھ اسمبلی علی نواز شاہ اور دیگر کو ہم نے نہیں پکڑا، علی نواز شاہ کو احتساب عدالت نے سزا دی جو ہمارے دائرہ کار میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹیل مل کا کوئی کیس نیب میں التوا کا شکار نہیں۔ نیب کراچی نے نیشنل بینک ، ایف بی آر ، سائٹ ایڈمنسٹریشن اور ٹھل تعلقہ میونسپل سے کرپشن کے ذریعے لوٹی گئی دو کروڑ بیس لاکھ روپے سے زائد کی رقم اداروں کو واپس کر دی ہے، ڈی جی نیب سندھ کا کہنا تھا کہ نیب کا مقصد عوام کا لوٹا ہوا پیسا واپس کروانا ہے، کسی کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات نہیں بنارہے اور نہ ہی انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے، نیب کوکوئی حق نہیں کہ عوامی مینڈیٹ لینے والوں کی پگڑی اچھالے، ہم کسی حکومت کیخلاف نہیں چل رہے، ہمیں اب بھی سندھ حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ ہمارے پاس ڈھائی ہزار ارب روپے سے زائدکے کرپشن کے کیسز زیر تفتیش ہیں، سارا لوٹا ہوا پیسا سندھ حکومت کو ہی واپس جائیگا۔صوبائی ڈی جی نیب کا کہنا تھا کہ زمینوں کی الاٹمنٹ میں ڈھائی ہزار ارب روپے کی کرپشن ہے۔