قصور: گرفتار ملزموں کے انکشاف پر گودام سے مزید 675 گدھے کی کھالیں برآمد
قصور + شیخوپورہ (نمائندگان) تھانہ بی ڈویژن قصور میں زیر حراست ملزمان نور الہٰی اوراس کے بیٹے سلیم الہٰی کے انکشاف پر پولیس نے مزید 675گدھوں کی کھالیں برآمد کر لیں۔ 5ستمبر کو پولیس نے دین گڑھ میں واقع ایک گودام سے بھاری تعداد میں کروڑوں روپے مالیت کی گدھوںکی کھالیں برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا تھاجو ریمانڈ پرتھے گزشتہ روز نور الہٰی اور اس کے بیٹے سلیم الٰہی کے انکشاف پر پولیس نے ان کے گودام واقع دین گڑھ سے مزید 675 گدھوں کی کھالیں برآمد کر لیں۔ دوسری جانب شیخوپورہ میں محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیم نے سٹیڈیم روڈ پر ایک دکان میں چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں مردہ مرغیوں کا گوشت اور مرغیوں کے گوشت کی چربی بھاری مقدار میں برآمد کر لی۔ محکمہ لائیو سٹاک کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مرغیوں کی چربی میں کھوئے کا سینس ڈال کر اسے ناشتہ کیلئے بکنے والے چنوں میں استعمال کیا جاتا تھا۔ چھاپہ مار ٹیم نے وہاں سے دو دکانداروں نوید اور سلیم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا ہے جن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔