عید پر لاہور میں دہشت گردی کا خطرہ‘ سکیورٹی ہائی الرٹ
لاہور (نامہ نگار) حساس اداروں کی جانب سے پولیس کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے کہ دہشت گرد بیوپاریوں کے روپ میں شہر میں دخل ہوکر عیدالاضحی کے موقع پر دہشت گردی کی کارروائی کر سکتے ہیں جس پر شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرکے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کر دی گئی۔ پولیس حکام نے شہر کی حدود میں داخل ہونے والے ہر ٹرک کی خصوصی چیکنگ کا حکم دیتے ہوئے ٹریفک وارڈنز کو بھی داخلی راستوں پر سکیورٹی ڈیوٹی کیلئے تعینات کر دیا ہے۔ عید پر ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس نے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے۔ حساس علاقوں‘ مساجد و دیگر مقامات پر تین ہزار سے زائد اہلکاروں اور افسران کو تعینات کیا جائیگا۔ اس سلسلہ میں ایس پی سکیورٹی کیپٹن (ر) ملک لیاقت کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر پولیس ملازمین کی سکیورٹی کے حوالے سے چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔