خواجہ حسان کے بلامقابلہ چیئرمین یو سی انتخاب کیخلاف درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی گئی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ احمد حسان کی یونین کونسل کیلئے بطور چیئرمین بلامقابلہ کامیابی کو کالعدم قرار دینے کے لئے دائر پٹیشن واپس لینے کی بنا پر نمٹا دی۔ جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل شیراز ذکاء ایڈووکیٹ نے کہا کہ خواجہ احمد حسان یونین کونسل سے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔ خواجہ احمد حسان لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ہونے کی حیثیت سے عوامی عہدے کے اہل نہیں۔ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی شق ستائیس کے تحت سرکاری عہدے پر براجمان شخص عوامی عہدے کا اہل نہیں ہے۔ عہدہ چھوڑنے کے دو سال بعد تک کسی عوامی عہدے پر نہیں آسکتا لہٰذا خواجہ حسان کو عہدے کے لئے نااہل قرار دیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ خواجہ احمد حسان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن درخواست کے ساتھ لف نہیں ہے لہٰذا درخواست کی سماعت نہیں ہو سکتی جس چیز کا نوٹیفکیشن ہی نہیں اس کو کالعدم کیسے قرار دیا جا سکتا ہے۔